گینگ وار کے سرغنہ عذیر بلوچ کی جیل میں کیبل ٹی وی فراہم کرنے کی فرمائش
کراچی: لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ نے عدالت سے انوکھی فرمائش کردی۔
کراچی سینٹرل جیل میں انسداد دہشتگردی کمپلیکس میں خصوصی عدالت میں گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ نے اپنے وکیل فاروق حیدر جتوئی ایڈووکیٹ کے توسط سے تحریری درخواست دائر کی جس میں عزیر بلوچ نے عدالت سے انوکھی فرمائش کردی۔
ملزم عذیر بلوچ نے کہا کہ آپ سب جیل میں آکر خود دیکھیں میرے ساتھ کتنا ظلم ہو رہا ہے، ٹیلی ویژن دیا گیا ہے لیکن ٹی وی کیبل مہیا نہیں کی گئی، نہ میں نیوز چینلز دیکھ سکتا ہوں اور نہ ہی کسی قسم کا انٹرٹینمنٹ کا کوئی پروگرام دیکھ سکتا ہوں۔
عذیر بلوچ نے درخواست میں کہا کہ مجھے جمعہ کی نماز تک مسجد میں ادا کرنے نہیں دی جاتی، نہ ہی ہفتے میں ایک دن اہلخانہ سے ملاقات کرائی جاتی ہے، جیل انتظامیہ کے اس رویے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔وکیل صفائی فاروق حیدر جتوئی ایڈووکیٹ نے کہا کہ ملزم کو جیل مینوئل کے مطابق سہولتیں فراہم کی جائیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں