کینیڈا میں مقیم بھارتی شاعر اور مصور پرتیک سنگھ کے اعزاز میں تقریب
لاہور پریس کلب کی لائبریری کمیٹی کے زیر انتظام کینیڈا میں مقیم بھارتی پنجابی شاعر اور مصور پرتیک سنگھ کے اعزاز میں ایک شاندار شام کا اہتمام کیا گیا۔ اس محفل کی صدارت بین الاقوامی شاعر بابا نجمی نے کی، جب کہ مہمان خصوصی کے طور پر معروف اداکار راشد محمود نے شرکت کی۔ اس موقع پر کلب کے نائب صدر اور لائبریری کمیٹی کے چیئرمین محمد عثمانی بھی سٹیج پر موجود تھے۔
محمد عثمانی نے پرتیک سنگھ کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ لاہور پریس کلب ہمیشہ ادبی تخلیق کاروں کی پذیرائی کے لیے سرگرم رہتا ہے اور ایسے اعزازات کا اہتمام کرتا رہتا ہے تاکہ ادبی دنیا کی اہم شخصیات کی خدمات کو سراہا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بابا نجمی پنجابی ادب کے حوالے سے ایک معتبر شخصیت ہیں، اور ان کے کمنٹس اور آراء ہمیشہ اہمیت رکھتی ہیں۔
ادا کار راشد محمود نے پرتیک سنگھ کی شاعری کو سراہتے ہوئے دعا کی کہ وہ ہمیشہ ایسی منفرد شاعری لکھتے رہیں، جو نہ صرف پنجابی ادب بلکہ عالمی سطح پر بھی قابل قدر ہو۔
پرتیک سنگھ نے اپنے بارے میں بتایا اور اپنی شاعری سے حاضرین کو محظوظ کیا، جس پر انہیں بھرپور داد ملی۔ ان کی شاعری میں پنجاب کی دھرتی، محبت اور ثقافت کی گہری جھلک تھی جس نے حاضرین کے دلوں کو چھو لیا۔ بعد ازاں، یوسف پنجابی، سعیدہ دیپ، قمر الزمان بھٹی، اقبال جھکڑ، اعظم خاور اور لائبریری کمیٹی کے رکن سعید اختر نے پرتیک سنگھ سے ان کے فن، مصوری اور صحافت کے حوالے سے سوالات کیے۔
اختتامی خطاب میں بابا نجمی نے کہا کہ پرتیک سنگھ کی پنجابی شاعری نہ صرف پنجاب کی دھرتی سے جڑی ہوئی ہے، بلکہ اس میں محبت اور انسانیت کا پیغام بھی نمایاں ہے۔ انہوں نے پرتیک کی نئی کتاب "بُنتی” کو گورمکھی سے شاہ مکھی میں منتقل کرتے ہوئے ایک نظم بھی سنائی جس نے محفل کو مزید رنگین کر دیا۔
آخر میں پرتیک سنگھ نے اپنی کتاب "بُنتی” کو لاہور پریس کلب کی لائبریری کے لیے پیش کی، اور ڈاکٹر محمد شوکت نے بھی اپنی کتاب "ملک برکت علی” کتب خانہ کے لیے پیش کی۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے پریس کلب کی لائبریری کا دورہ کیا اور اس کی خوبصورتی اور اہم کتابوں کی تعریف کی۔

یہ شام نہ صرف ایک ادبی محفل تھی بلکہ لاہور پریس کلب کے ادبی اور ثقافتی فروغ کے عزم کا بھی مظہر تھی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں