نذیر قیصر کی زیر صدارت لاہور پریس کلب میں سلمیٰ اعوان کے اعزاز میں تقریب
لاہور پریس کلب میں نامور ادیبہ سلمیٰ اعوان کے اعزاز میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی جس کی صدارت معروف شاعر نذیر قیصر نے کی، جبکہ ممتاز ادیبہ مسرت کلانچوی مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہوئیں۔ اس موقع پر شعراء، ادباء، اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے سلمیٰ اعوان کی ادبی خدمات اور فن پر بھرپور گفتگو کی۔تقریب کی نظامت کے فرائض طارق کامران اور سلمان رسول نے ادا کیے۔ نائب صدر لاہور پریس کلب اور چیئرمین لائبریری کمیٹی، امجد عثمانی نے کہا کہ لاہور پریس کلب میں ادبی شخصیات کی آمد ہمارے لیے فخر کا باعث ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلمیٰ اعوان کو ستارہ امتیاز ملنے سے اس اعزاز کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔
امجد عثمانی نے کہا کہ کلب نے ہمیشہ اپنے ادبی لیجنڈز کو عزت دی ہے اور وہ لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور گورننگ باڈی کے سامنے سلمیٰ اعوان کو کلب کی اعزازی ممبرشپ دینے کی سفارش کریں گے۔امجد عثمانی نے لائبریری کمیٹی کے ارکان سعید اختر، شہزاد فراموش، اور کلب کے ممبران قمر الزمان بھٹی اور غلام زہرا کے ساتھ سلمیٰ اعوان کو سوینئر بھی پیش کیا۔سلمیٰ اعوان نے اپنے اعزاز میں تقریب منعقد کرنے پر لاہور پریس کلب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ستارہ امتیاز ملنے سے زیادہ خوشی اس محبت کی ہے جو لاہور پریس کلب اور دیگر اداروں و افراد کی جانب سے مل رہی ہے۔

نذیر قیصر نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ سلمیٰ اعوان ایسی ادیبہ ہیں جو مردہ لفظوں میں جان ڈال دیتی ہیں۔ مہمان خصوصی مسرت کلانچوی اور معروف کالم نگار سعدیہ قریشی نے بھی سلمیٰ اعوان کی تحریروں پر تفصیل سے گفتگو کی، اور کہا کہ سلمیٰ اعوان نے اپنے سفرناموں میں مختلف مقامات کا دورہ کیا اور وہاں کی تہذیب، ثقافت، اور تاریخ سے گہرا تعلق قائم کیا۔تقریب میں سلمیٰ اعوان کی شخصیت اور فن پر گفتگو کرنے والوں میں نواز کھرل، رقیہ اکبر، منزہ سحر، شازیہ مفتی، ڈاکٹر نوشین خالد، کنول بہزاد، علامہ صدیق اظہر، شہزاد فراموش اور غلام زہرا بھی شامل تھے۔ اس کے علاوہ، تقریب میں صحافیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں