امن و امان  اولین ترجیح ، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا: علی امین گنڈا پور

وزیر اعلی ٰ  خیبر پختونخوا  علی امین گنڈا پور  نے مردان میں  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتا ہوں،جنہوں نے امن و امان کے لئے بے شمار  قربانیاں دی ہیں، ہمیں پولیس جوانوں کی ان قربانیوں پر فخر ہے، وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ امن و امان موجودہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، موجودہ صوبائی حکومت شروع دن سے پولیس کو مستحکم کرنے اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے،معاشی حالات جیسے بھی ہوں پولیس کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کی جائیں گی۔

 علی امین گنڈا پور نے کہا کہ پولیس شہداء پیکج سے متعلق معاملات کے لئے قانون سازی ہورہی ہے،صوبائی حکومت کی ہاؤسنگ اسکیموں میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے پولیس سمیت دیگر تمام اداروں کے اہلکاروں کے ورثاء کو مفت پلاٹس دے رہے ہیں،پولیس عوام کے ساتھ اچھے رویئے  اور اچھے برتاؤ کا مظاہرہ کرے،عوام پولیس سے تعاون کرے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری کرے، ٹریفک پولیس محنت کش لوگوں کا چالان کم  اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر امیروں کا زیادہ  کرے جبکہ عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرے تاکہ انتظامیہ بہتر انداز میں عوام کی خدمت کر سکے۔

  اس سے قبل وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے دورہ مردان میں پولیس لائنز کی نئی عمارت کے فیز ون کا افتتاح کر دیا،مردان پہنچنے پر انسپکٹر جنرل پولیس اور کمشنر مردان اور دیگر اعلیٰ حکام نے وزیر اعلیٰ کا استقبال کیا جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستے نےسلامی دی،صوبائی وزیر ظاہر شاہ طورو، ایم این اے علی محمد خان اور مردان کے دیگر منتخب عوامی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے ،،وزیر اعلیٰ نے218 کنال رقبے پر محیط مردان پولیس لائنز کی نئی عمارت کے 395 ملین روپے کی لاگت سے بننے والے  فیزون کا افتتاح کیا،،جس میں ایڈمن بلاک، اسٹاف بیرکس، عملے کے لئے رہائش گاہیں اور دیگر تعمیرات شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے