بچی زیادتی نہیں، گھٹیا سیاست کا شکار بنی، وزیراعلیٰ پنجاب

 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں نجی کالج کی طالبہ سے زیادتی کے پروپیگنڈے میں تحریک انصاف کو ملوث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچی زیادتی نہیں، گھٹیا سیاست کا شکار بنی ہے، بار بار کی احتجاج کی کال ناکام ہونے کےبعد انتہائی گھٹیا اور خطرناک منصوبہ بنایاگیا، جعلی خبر پھیلانے میں ملوث عناصر کےخلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لاہور کے نجی کالج میں مبینہ طالبہ سے مبینہ زیادتی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جھوٹ کی داستان گھڑی گئی، من گھڑت خبر کو ایشو بنایا گیا، مسئلے کے تمام حقائق جان کر آپ کے سامنے آئی ہوں، تمام حقائق آپ سب کے سامنے رکھوں گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہاکہ ہماری انتظامیہ اور پولیس کو ایک رپورٹ ملی کہ پنجاب کے ایک نجی کالج میں طالبہ سے ریپ کا واقعہ ہوا ہے، ایک سیکیورٹی گارڈ پر الزام لگا کہ وہ اس میں ملوث ہے جس پر انتظامیہ فوری حرکت میں آئی، اس دن سے آج تک ہم اس ریپ وکٹم کی تلاش میں ہیں۔
مریم نواز نے کہاکہ 10 اکتوبر کو ایک بچی کا نام لیا گیا کہ وہ ریپ کا شکار ہوئی ہے لیکن وہ بچی 2 اکتوبر سے اسپتال میں داخل ہے، وہ بچی کہیں گری اور بری طرح زخمی ہونے کے بعد آئی سی یو میں داخل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہاکہ ’میری اس بچی کی والدہ سے رات بات ہوئی تو وہ شدید صدمے کی حالت میں تھیں، ان کی اپنی کوئی سرجری ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے کچھ نہیں چاہیے، میری 5 بچیاں ہیں ان کی شادیاں بھی ہوں گی لہٰذا اس سازش کے کرداروں کو بے نقاب کرنا اور کیفر کردار تک پہچانا آپ کی ذمے داری ہے، اس والدہ کی درخواست پر آپ آج میڈیا پر دیکھ رہے ہیں۔‘
مریم نواز نے کہاکہ بچوں کی جانب سے یہ واقعہ رپورٹ ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایسی خبر پھیلیں اور اس قسم کے الزامات لگائے گئے اور ایسی کہانیاں گھڑی گئیں کہ جن کا کوئی وجود نہیں ہی نہیں تھا اور طلبہ کو گمراہ کرکے پنجاب میں ایسی مہم چلانے کی کوشش کی گئی جو لغو اور جھوٹ پر مبنی تھی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہاکہ بار بار کی احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کی کالز کی ناکامیوں کے بعد انہوں نے ایک انتہائی گھٹیا اور خطرناک منصوبہ ایسے وقت میں بنایا جب ایس ای او ہونے جارہی ہے، غیرملکی سربراہان آرہے ہیں، کانفرنس ہورہی ہے، دنیا میں پاکستان کا اچھا تاثر جارہا ہے، معیشت بہتری کی علامات ظاہر کررہی ہے، مہنگائی کم ہورہی ہے، اسٹاک مارکیٹ 86 ہزار پر چلی گئی، پاکستان کی 77 سالہ تاریخ میں ایسی مثال نہیں ملتی۔
مریم نواز نے مزید کہاکہ ایسے میں ایک ایسی جماعت تحریک انصاف ہے، جسے میں دہشت گرد جماعت کہتی ہوں، ان کا ایجنڈا ہی یہی ہے کہ جب پاکستان اوپر جارہا ہوتا ہے وہ نیچے جارہے ہوتے ہیں، ہم نے واقعے کی تفصیلات نکالی ہیں اور اس کی تہہ تک گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے طالبہ کے ریپ کے پروپیگنڈے میں تحریک انصاف کو ملوث قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے بچوں اور اپنے پیڈ اینکرز اور ٹاؤٹس کو استعمال کرکے ان سے ٹوئٹس اور وی لاگز کروائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے پریس کانفرنس میں واقعے کا عینی شاہد بناکر پیش کی جانے والی طالبہ ماہ نور کو ساتھ بٹھا رکھا تھا جس کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس بچی نے بتایا ہے کہ اس کا متعلقہ کیمپس سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس نے واقعے کی تفصیلات کسی اور سے سن کر وڈیو میں بیان کی تھی اور وڈیو میں کہا بھی تھا کہ اس کا اس کیمپس سے تعلق نہیں ہے مگر اس وڈیو کو ایڈٹ کردیا گیا۔
مریم نواز کے مطابق یہ بچی وہ باتیں نہیں کرنا چاہتی تھی مگر ایک ٹیچر بچے نے اسے کہا کہ آپ یہاں آئی ہیں تو یہ باتیں کریں، مطلب کہ جھوٹ بولیں تاکہ یہ آگ لگے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ متاثرہ بچی عِزہ 2 تاریخ سے ہسپتال میں داخل تھی، اسکے والدین اسے دو، تین ہسپتالوں میں لے کر گئے کیونکہ گرنے سے اسکی ریڑھ کی ہڈی پر چوٹ لگی تھی، انہوں نے کہاکہ جس دن وہ جھوٹا واقعہ رپورٹ کیا جارہا ہے اس دن وہ بچی کالج میں تھی ہی نہیں۔
انہوں نے کہاکہ جس چوکیدار پر الزام لگا وہ 4 دن کی چھٹی پر سرگودھا گیا ہوا تھا، اسے تحقیقات کے لیے وہاں سے حراست میں لیا گیا۔ انہوں نےکہا کہ وزیر تعلیم نے جب یہ کہا کہ بچے کہے رہیں کہ سی سی ٹی وی کا ریکارڈ مٹایا گیا ہے تو اسے بھی بنیاد بنادیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے