ایشیائی ترقیاتی بینک کی سندھ کے لیے 400 ملین ڈالر کے رعایتی قرض کی منظوری
ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے سندھ میں 2022 میں تباہ کن سیلاب سے تباہ ہونے والے مکانات اور کمیونٹی انفراسٹرکچر کی تعمیر نو کے لیے 400 ملین ڈالر کے رعایتی قرض کی منظوری دے دی۔
جمعہ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پروجیکٹ سیلاب سے تباہ شدہ مکانات اور کمیونٹی انفراسٹرکچر کی بحالی میں معاونت کرے گا، جس کی توجہ ماحولیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے قدرتی خطرات کے خلاف کمیونٹیز کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
یہ منصوبہ پاکستان کے سیلاب کے بحران پر اے ڈی بی کے کثیر جہتی ردعمل کا کلیدی حصہ ہے اور 2023 سے 2025 تک ملک کی سیلاب سے بحالی کو تیز کرنے کے لیے 1.5 بلین ڈالر کی کل امداد فراہم کرنے کے بینک کے عزم کا حصہ ہے۔ وسطی اور مغربی ایشیا کے لیے اے ڈی پی کے ڈائریکٹر جنرل یوگینی زوکوف نے کہاکہ یہ منصوبہ گھروں اور کمیونٹیز کی تعمیر نو میں مدد کرے گا، اور سندھ میں بنیادی خدمات کی بحالی میں مدد کرے گا، یہ صوبہ 2022 کے تباہ کن سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، پاکستان کو اس آفت سے نکالنے میں مدد کے لیے اے ڈی بی کی وسیع مدد کا حصہ ہے جس سے 33 ملین افراد متاثر ہوئے اور ملک بھر میں مکانات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
اے ڈی بی کے ڈائریکٹر برائے پانی اور شہری ترقی سری نواس سمپت نے کہاکہ اے ڈی بی کی مدد سے نہ صرف پاکستان کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، بلکہ یہ کمیونٹی کی قیادت میں موسمیاتی اور قدرتی آفات کے خطرے سے نمٹنے کی حکمت عملیوں کو بھی فروغ دے گی تاکہ مستقبل کے خطرات کے لیے بہتر تیاری کی جا سکے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں