وزیر ستان میں جھڑپیں:12 خوارج ہلاک ،6 جوان شہید

شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 19 اور 20 ستمبر کو سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک کر دئیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 19 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حمل کا سکیورٹی فورسز کو علم ہوا جس پر دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔

سکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کر دیا گیا جن کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔دوسری جھڑپ، جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو کہ ناکام بنا دیا گیا۔

سکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم، شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرات و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔
علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نےشمالی اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نڈر جوانوں کی جرات و بہادری کی بدولت متعدد دہشتگرد جہنم واصل ہوئے، خوارج کا ارض پاک سے مکمل خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں کے خلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے