کرپٹ لوگوں کو مسلط کرکے ملک کا بیڑا غرق کیا گیا: عمران خان

سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا جاتا ہے مجھے فائیو اسٹار سہولتیں دی گئی ہیں، شدید گرمی میں جیل کا سیل اوون بن جاتا ہے لیکن میں نے کبھی شکایت نہیں کی۔
اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ عدلیہ واحد ادارہ ہے جس سے امید ہے، عدلیہ کو تباہ کرنے کی کوشش کی گئی تو سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔
عمران خان نے کہا پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا جاتا ہے مجھے فائیو اسٹار سہولتیں دی گئی ہیں، میرے پاس وہی سہولتیں ہیں جو سزائے موت کے قیدی کو ملتی ہیں، نواز شریف، شہباز شریف اور آصف زرداری کو جیل میں ائیر کنڈیشنڈ کمرے اور اٹیچ باتھ دیے گئے تھے، مجھے تو نہانے کیلئے بھی دوسرے کمرے میں جانا پڑتا ہے۔شدید گرمی میں جیل کا سیل اوون بن جاتا ہے لیکن میں نے کبھی شکایت نہیں کی۔
سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ نیب نے القادر یونیورسٹی کے عطیات بند کروا دئیے، یونیورسٹی بند ہوئی تو طلبہ کا نقصان ہوگا، نیب ترامیم کا فیصلہ ڈھائی ماہ سے التوا کا شکار ہے، گیم کھیلا جارہا ہے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں سزا کے بعد وہ فیصلہ سنایا جائے گا۔
کرکٹ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ محسن نقوی نے کرکٹ کا بیڑہ غرق کردیا، بنگلا دیش سے وائٹ واش سے بری شکست اور کیا ہوگی؟ کرپٹ لوگوں کو مسلط کرکے ملک کا بیڑا غرق کیا گیا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے