اسلام آباد:موسلا دھار بارش، سڑکیں تالاب میں تبدیل، گاڑیاں ڈوب گئیں
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا اور گاڑیاں ڈوب گئیں۔
بارش کے باعث اسلام آباد میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا ہے، تاہم کئی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ بہارہ کہو میں ندی نالوں میں طغیانی آگئی جبکہ سیکٹر جی الیون کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں اور کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔
شدید بارش سے میٹرو بس کا روٹ بھی زیرآب آ گیا، جب کہ بنی گالہ اور سری نگر ہائی وے پر بھی پانی جمع ہو گیا۔ جی ایٹ مرکز میں کھڑی متعدد گاڑیاں بارش کے پانی میں ڈوب گئیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان میمن نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو فیلڈ میں متحرک رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کی کڑی نگرانی کرنے کا حکم دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جائے جبکہ نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظام کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ اور بھرپور کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں