سابق وزیراعظم کے بیٹے سے بارسلونا میں قیمتی گھڑی چھن گئی

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے اور رکن قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی کی قیمتی گھڑی بارسلونا میں چھین لی گئی۔ اطلاعات کے مطابق گھڑی کی مالیت 56 ہزار یورو تھی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً ایک کروڑ 85 لاکھ روپے بنتی ہے۔

عبدالقادر گیلانی بارسلونا تفریحی دورے پر ہیں اور واقعے کے وقت وہ اپنے بچوں کے ساتھ تھے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ یہ گھڑی تقریباً 12 سے 13 سال پرانی تھی، جو اُس وقت خریدی گئی جب سونا نسبتاً سستا تھا، لیکن اب اس کی قیمت کئی گنا بڑھ چکی ہے۔

رکن قومی اسمبلی نے بتایا کہ گھڑی ان کے ہاتھ میں تھی، جب اچانک چھینی گئی۔ ان کے میزبان کی گھڑی بھی اسی واردات میں چوری ہو گئی۔ لیکن اللہ کا شکر ہے کہ جان بچ گئی کیونکہ جان ہے تو جہان ہے، جو چیز آپ کے نصیب میں نہیں وہ آپ کو کوئی دے نہیں سکتا اور چیز آپ کے نصیب ہے وہ ساری دنیا کی مخالفت کے باوجود کوئی لے نہیں سکتا۔

عبدالقادر گیلانی کا مزید کہنا تھا کہ اگرچہ سونا مردوں کے لیے ممنوع ہے، مگر سفر کے دوران سونے کی کوئی چیز ساتھ رکھنا سنت ہے تاکہ ہنگامی حالات میں اسے فروخت کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے