پہلگام حملے کے بغیر تحقیقات بھارتی جارحیت کا جواز نہیں:پاکستان
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بھارت کی حالیہ جارحیت کو شدید الفاظ میں مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلگام حملے کی تحقیقات کے بغیر بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا، جس میں معصوم شہری شہید ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ 6 اور 7 جولائی کی درمیانی شب بھارت کی جانب سے کیا گیا حملہ ناقابل قبول ہے، پاکستان اس اشتعال انگیزی کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔
شفقت علی خان نے بھارتی پارلیمنٹ (لوک سبھا) میں ’آپریشن سندور‘ سے متعلق دیے گئے بیانات کو بے بنیاد اور اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف حقائق مسخ کرنے اور بھارتی جارحیت کو جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں اور اہداف کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا، جو ہماری دفاعی صلاحیت اور پختہ عزم کا ثبوت ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت کو چاہیے کہ وہ زمینی حقائق کا ادراک کرے، نقصان کو تسلیم کرے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کسی تیسرے فریق کے کردار کو تسلیم کرنے پر غور کرے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں