بارشوں نے تباہی مچادی، راولپنڈی ،چکوال میں کئی بستیاں ڈوب گئیں

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارشوں سے ندی نالے بپھر گئے جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں ۔ 

جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں بدھ کی  رات سے جمعرات کے روز دوپہر تک 250 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے، جس کے باعث راولپنڈی اسلام آباد میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، راولپنڈی کے علاقے ڈھوک کھبہ، خیابان سرسید، امین ٹائون، پیر ودھائی، ڈھوک حسو اورسیٹلائٹ ٹائون میں پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

راولپنڈی اسلام آباد میں نالوں کے بھرنے کے سبب متعدد راستوں پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا ہے۔

بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح کٹاریاں کے مقام پر 20  فٹ اور گوالمنڈی پل پر 19 فٹ ہو گئی  جبکہ دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے سے پل زیر آب آ گیا۔

نالہ لئی کے اطراف خطرے کے سائرن بجا دیے گئے جبکہ ریسکیو ، واسا، سول ڈیفنس سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ  کردیا گیا ہے۔

نالہ لئی، کٹاریاں اور گوالمنڈی میں انخلاء کی وارننگ جاری کر دی گئی ہیں، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ پانی کی سطح بلند ہونے سے قریبی آبادی کو خطرہ ہے،  شہری احتیاطاً محفوظ مقامات پر منتقل ہوجائیں۔

موسلا داھر بارش کے باعث شاہ پور اور راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والا پل پانی میں ڈوب گیا جبکہ پولیس فاؤنڈیشن گلی نمبراے فائیو میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ ادھر چکری روڈ گاؤں لادیاں میں سیلاب کے باعث ایک فیملی بچوں سمیت چھت پر پھنس گئی جسے نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر پہنچ گیا ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ

غیر معمولی طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال کے بعد پنجاب کے مختلف علاقوں میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور راولپنڈی میں مقامی سطح پر چھٹی کا اعلان کر دیاگیا ہے، نالہ لئی کے اطراف نشیبی علاقوں کے رہائشی انخلا کی صورت میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔

سیلاب میں پھنسے افراد کوبچانے کیلئے فوج طلب

ایم ڈی واسا نے ٹرپل ون بریگیڈ سے بھی رابطہ کیا ہے اور ترجمان کا بتانا ہے کہ ایمرجنسی کی صورت میں پاک فوج کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔

ادھر جہلم میں رات سے جاری بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ہے، ضلعی انتظامیہ نے سیلاب میں پھنسے افراد کو ریسکیو کرنے کےلیے فوج سے مدد طلب کرلی ہے۔

چکوال سے آنے والی اطلاعات کے مطابق دھرابی ڈیم کے نزدیک بنایا گیا ایک نجی ڈیم ٹوٹ گیا ہے۔

 مسلسل بارشوں کے باعث علاقے میں رابطہ سڑکوں کو نقصان پہنچا ہے اور بنا رکاوٹ کے پانچ کلومیٹر بھی سفر کرنا مشکل ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے