پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لئے پی ٹی آئی کے بیرونی رابطے بے نقاب
پاکستان تحریک انصاف کے سنٹرل میڈیا ڈویژن سے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈے کے لئے بیرون ممالک رابطوں کے ناقابل تردید ثبوت مل گئے ۔ پی ٹی آئی کے سنٹرل میڈیا ڈویژن سے حال ہی میں پارٹی کے مرکزی رہنما رئوف حسن سمیت چند افراد کو حراست میں لیا گیا تھا اور ریکارڈ بھی قبضے میں لیا گیا تھا ۔ ذرائع کے مطابق قبضے میں لئے گئے کمپیوٹر،موبائل اوردیگر الیکٹرانک آلات کے فرانزک کے دوران پی ٹی آئی رہنمائوں اور سرگرم کارکنوں کے غیر ملکی شخصیات سے رابطوں کا بھی انکشاف ہوا ہے ۔پارٹی رہنما رئوف حسن اور صحافی رائن گرم کے درمیان واٹس ایپ رابطوں کی معلومات بھی اکٹھی کرلی گئی ہیں، ذرائع کے مطابق یہ رابطہ جنوری 2024 میں قائم ہوا، رئوف حسن نے صحافی رائن گرم کو اپنی پارٹی کے ورچوئل کنونشن میں شرکت کی دعوت دی ۔ دونوں کے درمیان مختلف امور پر وقتاً فوقتاً رابطہ رہتا تھا،رابطوں کی تفتیش کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ رائن گرم نے بانی پی ٹی آئی کے 15 مئی کو لکھے گئے مواد کی تصدیق کے سلسلے میں رابطہ کیا تھا کہ کیا یہ مواد آٌ پ کا ہی تحریر کردہ ہے ، یہ بھی پوچھا گیا کہ کیا ہم آپ کا نام ظاہر نہیں کریں گے؟اس سوال کے جواب کے لئے رئوف حسن نے رائن گرم کے ساتھ واٹس ایپ پر رابطہ کیا تھا۔ واضح رہے کہ رائن گرم پی ٹی آئی کے حق میں متعدد آرٹیکلز لکھ چکے ہیں اور ان آرٹیکلز میں پاکستان اور پاکستان کے اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کیاجاتا رہاہے ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں