پی ٹی آئی نے پانچ ایم این ایز کو پارٹی سے نکال دیا
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے ہدایات کے برخلاف 26ویں ترمیم کے حق میں ووٹ دینے پر پانچ اراکینِ قومی اسمبلی کو جماعت سے نکال دیا ہے۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری انفارمیشن شیخ وقاص اکرم کے مطابق جماعت سے نکالے گئے اراکین قومی اسمبلی میں این اے 142 ساہیوال سے منتخب ہونے والے عثمان علی، این اے 8 باجوڑ سے منتخب ہونے والے مبارک زیب، این اے خانیوال 146 سے منتخب ہونے والے ظہور حسین قریشی، این اے ویہاڑی 159 سے منتخب ہونے والے اورنگزیب خان کھچی اور این اے 62 گجرات سے محمد الیاس چودھری شامل ہیں۔
شیخ وقاص اکرم کے مطابق ان اراکین کو پارٹی سے ’وفاداری‘ اور ’حلف‘ کی خلاف ورزی پر نکالا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اپنے عمل کے بعد وہ قومی اسمبلی میں ایک دوسری پارلیمانی پارٹی میں شامل ہو چکے ہیں۔‘
’یہ کہنے کی بھی ضرورت نہیں کہ وہ اپنے عمل کے سبب نااہل ہو گئے ہیں۔‘
26ویں آئینی ترمیم کے ذریعے سپریم کورٹ سمیت اعلیٰ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی سے متعلق آرٹیکل 175 اے میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے مطابق سپریم جوڈیشل کمیشن میں چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے چار سینیئر ججز سمیت چار اراکین پارلیمنٹ بھی ہوں گے۔
اس ترمیم کے مطابق ججز کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے 12 ارکان ہوں گے جن میں سے آٹھ کا تعلق قومی اسمبلی جبکہ چار کا تعلق سینیٹ سے ہو گا۔
بل کے مطابق سپریم کورٹ میں سینیئر جج کو بطور چیف جسٹس تعینات کرنے کی بجائے تین نام اس پارلیمانی کمیٹی کو بھیجے جائیں گے اور 12 رکنی کمیٹی ان ناموں میں سے ایک کو بطور چیف جسٹس تعینات کرنے کی سفارش کرے گی۔ جس کے بعد وزیر اعظم اس ضمن میں صدر کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کی سفارش کریں گے
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں