تفتیش کا دائرہ وسیع:فیض حمید کے گرفتار ساتھیوں کے نام سامنے آگئے

پاکستان کے سب سے اہم خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کا کورٹ مارشل شروع ہونے کے بعد تفتیش اور گرفتاریوں کا سلسلہ مزید افسران تک بڑھادیاگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں 3 ریٹائرڈ افسران بھی فوج کی تحویل میں ہیں ۔آئی ایس پی آر کی طرف سے تحویل میں لیے گئے تین افسران کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تاہم یہ بتایا گیا ہے کہ تینوں ریٹائرڈ افسران کو فوجی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا ہے، ریٹائرڈ افسران اور ان کے ساتھیوں سے مزید تفتیش جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق تینوں ریٹائرڈ افسران سیاسی مفادات کی ایما پر اور ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دے رہے تھے۔
دوسری جانب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ فیض حمید کے کورٹ مارشل کے سلسلے میں تحویل میں لیے گئے سابق فوجی افسران میں بریگیڈیئر ( ر ) غفار، بریگیڈیئر (ر) نعیم اور کرنل ریٹائرڈ عاصم شامل ہیں۔دونوں ریٹائرڈ بریگیڈیئرز کا تعلق چکوال سے بتایا جارہاہے، دونوں افسران کے بارے میں یہ بتایا گیا ہے کہ یہ ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی پیغام رسانی اور سہولت کاری میں ملوث تھے، مذکورہ تینوں افسران ایک سیاسی جماعت اور فیض حمید کے درمیان رابطہ کاری میں شامل تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے