آزاد کشمیر: غیر معمولی سیاسی ہلچل، ن لیگ کا پی پی کو کڑا جواب
آزاد کشمیر کی سیاسی فضا میں حالیہ دنوں میں غیر معمولی ہلچل دیکھنے میں آ رہی ہے، جہاں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کی پیپلز پارٹی میں شمولیت نے نیا سیاسی موڑ پیدا کیا ہے۔ اس کے ردِعمل میں مسلم لیگ (ن) نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے سردار یاسر الیاس کو پارٹی میں شامل کرنے اور انہیں اہم حکومتی عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق، سردار یاسر الیاس کو معاون خصوصی برائے سیاحت تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن آج ہی جاری ہونے کا امکان ہے۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ سردار یاسر الیاس نے حال ہی میں وزیر اعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی، جس میں وفاقی وزراء امیر مقام، رانا ثناءاللہ اور سابق سپیکر شاہ غلام قادر بھی شریک تھے۔ ملاقات میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری، پالیسی اصلاحات اور حکومتی ٹورازم وژن پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سردار یاسر الیاس اس وقت دی سینٹورس اسلام آباد کے چیف کارپوریٹ آفیسر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں اور انہیں کاروباری اور سیاحتی شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ حکومت کی نئی ٹورازم پالیسی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
سیاسی مبصرین اس پیش رفت کو مسلم لیگ (ن) کی جانب سے پیپلز پارٹی کی پیش قدمی کا سخت سیاسی جواب قرار دے رہے ہیں، جو آزاد کشمیر میں آئندہ بلدیاتی اور عام انتخابات سے قبل طاقت کے توازن کو متاثر کر سکتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں