ہندوستان کی اجارہ داری کبھی قبول نہیں کریں گے: فیلڈ مارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے کہا ہے کہ  خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سر پرست ہندوستان ہے ہم ہندوستان کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان نے نہ پہلے اس کی  کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 52 ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے اہم خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ملک کی ترقی اور کامیابی کے لیے عوام، حکومت اور افواج کے درمیان مضبوط تعلق نا گزیر ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ معرکہ حق میں ریاست کی تمام اکائیوں نے مثالی ہم آہنگی کا مظاہرہ کیا، معرکہ حق میں پاکستان نے کشمیر لائن آف کنٹرول سے لے کر ساحل سمندر تک ہندوستان کی بلا جواز جارحیت کے خلاف بہترین جواب دیا ، اللّٰہ نے معرکہ حق میں ہماری مدد کی کیونکہ ہم حق پر تھے، افواج پاکستان دور حاضر کے جنگی تقاضوں کے مطابق اپنے آپکو ہمہ وقت تیار رکھتی ہیں۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ خطے میں دہشتگردی کا سب سے بڑا سر پرست ہندوستان ہے، ہم ہندوستان کو واضح پیغام دیتے ہیں کہ پاکستان نے نہ پہلے ہندوستان کی اجارہ داری قبول کی اور نہ کبھی کرے گا۔دہشتگردی ہندوستان کا اندرونی مسئلہ ہے جو اس کا اپنی اقلیتوں اور بالخصوص مسلمانوں پر متعصبانہ اور ظالمانہ رویوں کا نتیجہ ہے۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر پڑوسی اسلامی ملک ہے اور ہم اس سے اچھے تعلقات چاہتے ہیں تاہم ہم اُن سے ایک ہی تقاضا کرتے ہیں کے وہ ہندوستان کی دہشتگردانہ پروکسیوں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کو جگہ نہ دیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ ریاست کی تمام اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کی اساس پاکستان کی انتظامیہ اور سول بیوروکریسی ہے، اسکی بھاری اور اہم ذمہ داری آپ پر عائد ہوتی ہے، اپنی انفرادی اور علاقائی پہچان سے بڑھ کر پاکستانیت کی پہچان کو اپنائیں۔

                                                  فیلڈ مارشل عاصم منیر کا 52ویں کامن ٹریننگ پروگرام کے افسران سے کے ساتھ گروپ فوٹو (تصویر آئی ایس پی آر)

آرمی چیف نے کہا کہ ہر نظام میں مسائل اور کمزوریاں ہوتی ہیں، آپکا کام ہے کے کمزوریوں اور منفی قوتوں کو نظام پر حاوی نہ ہونے دیں، جو اقوام اپنی تاریخ کو بھول جاتی ہیں ان کا مستقبل بھی تاریک ہو جا تا ہے۔پاکستان کی کہانی اور تاریخ کو جانیے اور اپنی اگلی نسلوں تک پہنچائیں، ملک سے محبت اور وفاداری اولین اور بنیادی شرط ہے، اپنے اندر جرات، قابلیت اور کردار پیدا کریں اور اگر ان میں سے ایک جزو کو چننا ہو تو ہمیشہ کردار کو فوقیت دیجیئے گا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے