احمد آباد میں ایئرانڈیاکا مسافر طیارہ تباہ،294 افراد ہلاک
ریاست گجرات کے شہر احمد آباد کے ائیرپورٹ کے قریب ائیر انڈیا کا مسافر بردار طیارہ گرگیا جس میں عملے کے 12 ارکان سمیت 240 سے زائد افراد سوار تھے جب کہ حادثے کے شکار طیارےمیں گجرات کے سابق وزیراعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔
رپورٹس کے مطابق ممکنہ طور پر ائیر انڈیا کا طیارہ احمد آباد ائیرپورٹ سے لندن جارہا تھا کہ ٹیک آف کرنے کے چند سیکنڈز بعد قریب ہی میڈیکل کے طلباء کے ہاسٹل پر گرکر تباہ ہوگیا۔ائیر انڈیا کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔طیارہ حادثے کے بعد جائے حادثہ کی ویڈیوز میں دھواں اٹھتا دیکھا جاسکتا ہے، حادثے کے نتیجے میں عملے کے ارکان سمیت241 مسافر ہلاک ہوگئے صرف ایک مسافر زندہ بچ سکا ہے جبکہ جس عمارت پرطیارہ گرا وہاں بھی 50 سے زیادہ افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
بھارتی میڈیا کا بتانا ہےکہ حادثہ بھارتی وقت کے مطابق 1 سے 2 بجے کے درمیان پیش آیا اور حادثے کے بعد احمد آباد ائیر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند کردیا گیا ہے جب کہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔حادثے کے شکار طیارے میں 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔
ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 171 احمد آباد ائیرپورٹ سے روانگی کے وقت 322 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے محض 625 فٹ اوپر اڑ سکی اور پھر ٹیکنیکل طور پر گرکر تباہ ہوگئی۔
پاکستان کے صدرآصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وزیردفاع خواجہ آصف ،پاکستان مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نوازشریف اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں طیارہ حادثے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں