اسلام آباد: ٹک ٹاکر ثناء یوسف گھر آئے مہمان کے ہاتھوں قتل
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چترال سے تعلق رکھنے والی نوجوان ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو گھر آئے مہمان نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کا واقعہ پیر کی شام کو تھانہ سمبل کی حدود میں واقع سیکٹر جی-13 میں پیش آیا۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ثنا یوسف کو اُن کے گھر میں داخل ہو کر گولیاں ماری گئیں۔
پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور پیش رفت سے میڈیا کو آگاہ کیا جائے گا۔
تھانہ سنبل کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) ملک آصف نے آن لائن میڈیا پلیٹ فارم اردو نیوز کو بتایا کہ بظاہر ٹک ٹاکر ثنا یوسف کو قتل کرنے والا شخص اس کا جاننے والا معلوم ہوتا ہے، کیونکہ وہ مہمان بن کر ان کے گھر آیا تھا۔
نہوں نے کہا کہ پولیس نے مختلف پہلوؤں سے قتل کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

ثنا یوسف نے واقعے سے چند گھنٹے قبل ہی انسٹاگرام پر اسلام آباد سے ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی۔
قتل کی خبرسوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے سخت غم وغصہ دیکھنے میں آرہا ہے اور اسلام آباد انتظامیہ سے مطالبہ کیا جارہا ہے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے ۔
ثناء یوسف کے قتل کی خبر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس، انسٹاگرام اور فیس بک پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکی ہے اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اس واقعہ کی مذمت کررہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں