وزیراعظم 2 روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ گئے
وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے پہنچ چکے ہیں۔ دوشنبے ائیرپورٹ پر تاجک وزیراعظم قاہر رسولزادہ ، تاجک نائب وزیر خارجہ شریفزادہ فرخ حمدین ،پاکستان میں تاجکستان کے سفیر یوسف شریفزادہ اور تاجکستان میں پاکستان کے سفیر محمد سعید سرور نے وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا۔
دو روزہ دورہ تاجکستان میں وزیراعظم شہباز شریف تاجک صدر امام علی رحمن سے دو طرفہ ملاقات کریں گے جس میں وزیراعظم تاجک صدر سے پاکستان اور تاجکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کے حوالے سے گفتگو کریں گے اور جنوبی ایشیائی خطے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران تاجکستان کی جانب سے پاکستان کی بھر پور حمایت پر تاجک صدر کا شکریہ ادا کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اس دورے میں گلیشیرز کے تحفظ پر دوشنبے میں منعقدہ اعلیٰ سطحی عالمی کانفرنس میں شرکت کریں گے جس میں وزیراعظم شرکاء کو ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان پر اثرات اور ماحولیاتی تبدیلی سے تحفظ اور گلیشیرز کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں