پاکستان افریقی ممالک سے تجارت بڑھاناچاہتا ہے:چیئرمین سینیٹ

چیئرمین سینیٹ  یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے اور دنیا بھر میں دہشت گردی کی بھر پور مذمت کرتا ہے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران سکیورٹی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے افواج پاکستان کے موثر جواب کو قابل تحسین قرار دیا ۔ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، بھارت نے جھوٹے پرواپیگنڈے کو جواز بناکر پاکستان پر جنگ مسلط کی اور پاکستان کی مسلح افواج اور پوری قوم نے بھارتی بربریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

”پاک۔افریقہ فرینڈشپ ڈے“ کے موقع پر افریقی ممالک کے سفراء، اقوام متحدہ کے نمائندوں اور پاکستان میں قائم پارلیمانی فرینڈشپ گروپس کے کنوینرز  سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نےکہا کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ، دیرینہ، گہرے اور ہمہ جہت تعلقات کو مزید وسعت دینے اور ان ممالک کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کا خواہاں ہے۔ یہ فورم نہ صرف پاکستان اور افریقی ممالک کے مابین تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے، بلکہ باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ایک بامعنی و مفید مکالمے کا مؤثر پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے پاکستان اور افریقی ممالک کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعاون کے حوالے سے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور تعاون میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو ایک مثبت اور حوصلہ افزا رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔ زراعت، ٹیکسٹائل، دفاع، ادویہ سازی، آئی ٹی، اور قابلِ تجدید توانائی جیسے شعبوں میں باہمی تعاون کی بے پناہ گنجائش موجود ہے، جسے مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ پاکستان تجارت کی سہولت کاری اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے انتہائی پرعزم ہے۔

افریقی ممالک کے شرکاء نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ سفارتی،ا قتصادی تعلقات کے فروغ کا اعادہ کیا۔چیئرمین سینیٹ نے وفد کو پاکستان کی پارلیمانی تاریخ،جمہوری عمل اور ایوان بالا کے آئینی کردار اور اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر پاکستان سینیٹ میں تشکیل دیئے افریقی ممالک سے متعلق مختلف فرینڈ شپ گروپس کے کنونیئرز بھی موجود تھے جن میں سینیٹرمولانا عطاء الرحمن، سینیٹر علی ظفر،سینیٹر اسد قاسم، سینیٹر جان بلیدی، سینیٹر عبدالقادر، سینیٹر بلال احمد اور سینیٹر سردار گریپ سنگھ بھی موجود تھے۔ سپیشل سیکرٹری سینیٹ حفیظ اللہ شیخ، چیئرمین سینیٹ کی مشیر محترمہ مصباح کھر بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے