بی جے پی کے وزیر نے بھارتی فوج کی مسلم کرنل کو دہشتگردوں کی بہن قرار دیدیا
بھارت کی ہندو انتہا پسند جماعت بی جے پی کے سینئر رہنما اور ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر وجے شاہ نے بھارتی فوج کی جانب سے پاکستان کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن سندور کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کرنے والی مسلم فوجی کرنل صوفیہ قریشی کو ہی دہشتگردوں کی صف میں لاکھڑا کیا۔
بی جے پی رہنما کے مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز بیان کے بعد ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے اور کانگریس رہنماؤں نے بھارتیہ جنتہ پارٹی کے وزیر سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے آپریشن سندور کی تفصیلات تاتے ہوئے پاک فوج کی جوابی کارروائیوں میں بھارت کو پہنچنے والے نقصانات کی تفصیلات سے میڈیا کو آگاہ کیا تھا۔
اس بیان کو لیکر بھارتی ریاست مدھیہ پریش کے وزیر وجے شاہ نے بجائے اپنی حکومت اور فوج کی ناکامی کو تسلیم کرنے کے مسلمانوں سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے کرنل صوفیہ کو ہی تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔وجے شاہ کا کہنا تھا دہشتگردوں نے ہمارے ہندو بھائیوں کو کپڑے اتار کر قتل کیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کے جواب میں دہشتگردوں کی بہن کو ہی آرمی کے جہاز میں ان کے گھروں پر حملہ کرنے کے لیے بھیجا، دہشتگردوں نے ہماری بہن کو بیوہ کیا، اس لیے مودی جی نے ان (دہشتگردوں) کی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والی بہنوں کو انہیں سبق سکھانے کے لیے بھیجا۔
اس نفرت انگیز بیان کے بعد وجے شاہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس پر انہوں نے ایک تعزیتی بیان بھی جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی تو میں معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، کرنل صوفیہ کی اپنی بہن سے زیادہ عزت کرتا ہوں۔بھارت کی اپوزیشن جماعت کانگریس نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وجے شاہ کو مدھیہ پردیش کی کابینہ سے فارغ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں