ہوسٹن: ”یوم یکجہتی کشمیر“ کی مناسبت سے پاکستانی قونصلیٹ میں تقریب کا انعقاد

ہوسٹن : ہوسٹن امریکہ میں پاکستانی قونصلیٹ نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہار ہمدردی کے لیے ایک تقریب کا انعقاد کیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب میں شرکت کرنے والوں میں وائس قونصل جنرل اشعر شہزاد، ہردم آزاد سنگھ سمیت سکھ برادری کے رہنما اور فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب ،سماجی کارکن ڈاکٹر آصف قدیر، اشرف بشیر اور طاہر بھٹی سمیت دیگراہم شخصیات شامل تھیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھر پور انداز میں منایا جا رہا ہے

تقریب کے دوران صدر اور وزیر اعظم پاکستان کے پیغامات پڑھے گئے جن میں کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غزالہ حبیب نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھارت کے وحشیانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ظالمانہ قوانین اور جابرانہ پالیسیوں نے مقبوضہ علاقے کو خوف ودہشت کی سرزمین میں تبدیل کر دیا ہے۔

وائس قونصل جنرل اشعر شہزاد نے اس بات پر زور دیا کہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانا عالمی برادری کو کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کی یاد دہانی کا کام دیتا ہے۔

سکھ رہنما ہردم آزاد سنگھ نے کشمیریوں کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتے ہوئے آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا عزم کیا۔

ڈاکٹر آصف قدیر نے پاکستانی اور کشمیری تارکین وطن پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے بارے میں بیداری پیدا کرنے میں زیادہ فعال کردار ادا کریں۔

اشرف بشیر اور طاہر بھٹی سمیت دیگر مقررین نے بھی کشمیر میں بھارت کے جاری ظلم و ستم پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کیا اور کشمیری کاز کی وکالت کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

 

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے