پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کا مصیبت میں پھنسے ہندوستانی بحری جہاز کا ایک اور کامیاب ریسکیو آپریشن
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (PMSA) نے 26 دسمبر کو ایک اور کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو (SAR) آپریشن میں بھارتی کارگو جہاز "ڈھو تاجدارے حرم” کے عملے کے 9 ارکان کی جان بچائی۔ حادثہ کراچی کے جنوب میں تقریباً 120 سمندری میل دور پیش آیا، جہاں جہاز میں پانی داخل ہونے کے بعد عملے کے ارکان نے لائف رافٹ میں پناہ لی تھی۔
پاکستان میری ٹائم ریسکیو کوآرڈینیشن سنٹر (MRCC) کو اس حادثے کی اطلاع ملنے پر، PMSA نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ پی ایم ایس اے کے طیارے نے کامیابی سے بچ جانے والوں کا پتہ لگایا اور قریبی تجارتی جہازوں کو اور PMSA کے جہازوں کو جائے حادثہ پر روانہ کیا۔ اس کے بعد، ہندوستانی کوسٹ گارڈ کے جہاز کی مدد سے ان کی بحالی کو ممکن بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:بنوں ، شمالی وزیرستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، 13 خوارج ہلاک ، میجر محمد اویس شہید
یہ پی ایم ایس اے کا گزشتہ تین ہفتوں میں دوسرا کامیاب آپریشن تھا۔ اس سے پہلے 4 دسمبر کو پی ایم ایس اے نے MSV پیرانِ پیر کے حادثے کے دوران 12 بھارتی عملے کے ارکان کی جان بچائی تھی۔
پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی اس طرح کے آپریشنز کے ذریعے بین الاقوامی سمندری قوانین اور SOLAS (سمندر میں زندگی کی حفاظت) کنونشن کی تکمیل کرنے کے اپنے عزم کو ظاہر کر رہی ہے۔ اس قسم کے ریسکیو آپریشنز نہ صرف سمندری حفاظت کو یقینی بناتے ہیں بلکہ علاقائی تعاون کو بھی فروغ دیتے ہیں، یہ ثابت کرتے ہیں کہ پی ایم ایس اے کسی بھی قومیت کے باشندوں کی زندگی بچانے کے لیے اپنی خدمات فراہم کرتا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں