خارجیوں کے سہولت کاروں اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کو بھی سزا دیں گے : جنرل عاصم منیر

آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کو دورے کے دوران موجودہ سیکورٹی صورتحال اور انسدادِ دہشت گردی کی جاری کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
افسران اور جوانوں سے خطاب میں آرمی چیف نے ان کی قربانیوں اور دہشت گردی کے خلاف ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا پاکستان کا فخر ہیں اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی ۔ آرمی چیف نے کہا کہ افواج پاکستان قوم کی حمایت سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی اور انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے ۔

آرمی چیف نے زور دیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری ، عزم اور ناقابلِ تسخیر ارادہ قوم کی خودمختاری کی ضمانت ہیں ۔ انہوں نے مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کو قوم کے حقیقی ہیرو قرار دیا ۔ آرمی چیف نے کہا کہ جوانوں کی قربانیاں اور بے لوث خدمات پورے ملک کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:سکیورٹی فورسز کی کارروائی: مطلوب دہشت گرد سمیت 7 فتنہ الخوارج ہلاک

جنرل عاصم منیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان آرمی فتنہ الخوارج کا قلع قمع کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ خارجیوں کے سہولت کاروں، معاونین اور مالی مدد فراہم کرنے والوں کو ریاست مخالف سرگرمیوں کی سزا دی جائے گی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے