پاکستانی معیشت استحکام کی جانب گامزن، اپسوس سروے رپورٹ جاری
پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن،اپسوس (IPSOS) گلوبل کنزیومر کانفیڈنس انڈیکس سروے نے اپنی چوتھی سہ ماہی کی رپورٹ جاری کردی۔
اپسوس سروے صارفین کے موجودہ اور مستقبل کے معاشی حالات، اور سرمایہ کاری کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔ سروے کے مطابق پاکستان کی معیشت میں پچھلے سال کےدوران قابلِ ذکر ترقی ہوئی ہے۔
چوتھی سہ ماہی کے سروے کے نتائج میں کئی اقتصادی ریکارڈز بھی قائم ہوئے جس میں پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، 100 انڈیکس میں 1254 پوائنٹس کا اضافہ ، 100 انڈیکس کی ایک لاکھ 10 ہزار 151 پوائنٹس پر ٹریڈ شامل ہیں ۔ چوتھی سہ ماہی میں پاکستان میں اقتصادی بہتری پر اُمید %19 تک پہنچ گئی۔پاکستان میں 2024 میں مہنگائی بھی ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح تک پہنچ گئی۔
یہ بھی پڑھیں : حکومتی کوششوں سے ملکی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہوگئی، وزیراعظم
ستمبر 2023 کے بعد پاکستان میں اقتصادی حالت کو مضبوط قرار دینے والی عوام کی تعداد میں چار گنا اضافہ ہوا۔ رپورٹ کے مطابق مقامی معیشت کے حوالے سے پاکستان میں %19 افراد اگلے چھ ماہ میں بہتری کی توقع رکھتے ہیں۔ دو سال بعد پاکستان نے پہلی بار ترکی کو عالمی صارف اعتماد کے انڈیکس میں پیچھے چھوڑا ۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں کمزور اقتصادی حالات کا تاثر 9 فیصد کم ہوا ہے جو ستمبر 2023 میں اپنے عروج پر تھاجبکہ ملازمت کی سیکیورٹی پر اعتماد میں مسلسل استحکام بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔
ستمبر 2023 کے بدترین حالات کے بعد پاکستانیوں کی گھریلو خریداری کی صلاحیت میں 6 پوائنٹس کی بہتری دیکھی گئی جبکہ مقامی اقتصادی حالات پر پاکستانیوں کا اعتماد 20 فیصد بڑھااور عدم اعتماد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ۔
وہاں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے 4دسمبر کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا تھا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی آئی ہے اور معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا مہنگائی کی شرح 70 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے، اب ہم نے معاشی استحکام کی بنیادوں کو مضبوط کرنا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں