پاکستانیوں کے لئے اچھی خبر: یورپ کے لئے پی آئی اے پروازوں پر پابندی ختم

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یورپی کمیشن اور یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی پروازوں پر عائد پابندی اٹھا لی ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازوں پرعائد پابندی کا اٹھنا ایک یادگارموقع ہے، یہ کامیابی بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم کے معیارات یقینی بنانے سے ممکن ہوئی۔ پی آئی اے اور ایئر بلیو کو تھرڈ کنٹری آپریٹراتھرائزیشن بھی جاری کر دی گئی ہے، پی آئی اے کی یورپ کے لیے پروازوں پر عائد پابندی ختم کر دی گئی ۔

وزیر دفاع نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی دیگر پروازوں سے ریٹنگ بہتر ہوئی ہے، ہمارے لیے آج یہ ایک تاریخی دن ہے، یہ کامیابی وزارت ہوا بازی کی مکمل توجہ سے ممکن ہوئی ہے، پی آئی اے پرپابندی کےخاتمے میں سول ایوی ایشن نے بہت محنت کی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ پوری پاکستان قوم کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہے اورہمیں پوری امید ہے کہ ان شا اللہ ہم عالمی سطح پر ہوا بازی کے شعبے میں پاکستان کی ساکھ بحال کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے، اس کے لیے وزیر اعظم پاکستان، ایوی ایشن اتھارٹی، سیکریٹری ہوا بازی مبارکباد کے مستحق ہیں، جن کی محنت اور لگن سے یہ سب ممکن ہوا۔

ادھر پاکستان قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یورپی ایئرسیفٹی ایجنسی(ایاسا) کی جانب سے پاکستانی ایئرلائنزپرپابندی اٹھانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ایاسا‘ نے اپنے مکتوب میں وزرات ہوابازی اور’پی آئی اے‘ انتظامیہ کو باضابطہ آگاہ کردیا ہے، ’ایاسا‘ کی جانب سے ’پی آئی اے‘ کی ٹیم اورانتظامیہ کو ان کے سخت ترین سٹینڈرڈز پر پورا اترنے پرمبارک باد بھی دی ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے