امریکی الیکشن سے ایرانی عوام کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا:ایران
رپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابات میں کامیابی پر ایران کی جانب سے پہلا رد عمل سامنے آ گیا،ایرانی حکومت کی ترجمان فاطمہ مہاجرانی نے کہا کہ امریکی انتخابات سے ایرانی عوام کی زندگیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
ترجمان ایران حکومت نے کہا ہے کہ امریکی انتخابات ہمارے معاملات نہیں ہیں، ہماری پالیسیاں مستقل ہیں اور افراد کے مطابق تبدیل نہیں ہوتیں۔ ہم نے ضروری پیش بینی کر لی اور عوام کی زندگیوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ٹرمپ کے صدارتی انتخاب جیتنے پر ایرانی کرنسی کی قدر تاریخی سطح تک گر گئی ہے۔ تاجروں کے مطابق، ایرانی ریال کی قیمت ڈالر کے مقابلے میں 703,000 ریال پر پہنچ گئی ، جس میں مزید تبدیلی آ سکتی ہے۔
ٹرمپ نے 2018 میں یکطرفہ طور پر ایران کے نیوکلیئر معاہدے سے امریکہ کو نکال دیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سالوں سے جاری کشیدگی مزید بڑھی۔
ایران کی معیشت برسوں سے بین الاقوامی پابندیوں کے بوجھ تلے دب چکی ہے جو اس کے نیوکلیئر پروگرام کے تیزی سے بڑھنے پر عائد کی گئی ہیں۔ اس وقت ایران ہتھیاروں کے لئے یورینیم افزودہ کر رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں