چیف جسٹس پاکستان کو قتل کی دھمکی :تحریک لبیک کے نائب امیر ظہیر الحسن اوکاڑہ سے گرفتار
چیف جسٹس سپریم کورٹ قاضی فائز عیسیٰ کو قتل کی دھمکیاں دینے پر تحریک لبیک کے نائب امیر کو گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق ظہیر الحسن شاہ اوکاڑہ میں نامعلوم مقام پر چھپے ہوئے تھے ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو قتل کی دھمکی دینے پر تحریک لبیک کے نائب امیر پیر ظہیرالحسن شاہ پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

لاہور پولیس نے مقدمہ ایس ایچ او حماد حسین کی مدعیت میں تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں درج کیا جس میں ٹی ایل پی کے 1500 کارکنان کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے جب کہ مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، مذہبی منافرت، فساد پھیلانے اور عدلیہ پر دباؤ ڈالنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
پولیس کے مطابق مقدمے میں اعلیٰ عدلیہ کودھمکی،کار سرکار میں مداخلت اور قانونی فرائض میں رکاوٹ ڈالنے کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق پریس کلب کے باہر احتجاج میں پیر ظہیر الحسن نے اعلیٰ عدلیہ کے خلاف نفرت پھیلائی جس پر تحریک لبیک کے نائب امیر سمیت 1500 کارکنوں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں