وزیراعظم  شہباز شریف کی زیر صدارت انسداد پولیو کی ٹاسک فورس کا اجلاس،انسداد پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے صدر و صدر گلوبل ڈیویلپمنٹ ، گیٹس فاؤنڈیشن ڈاکٹر کرسٹوفر ایلیاس کی زیر قیادت پولیو اوور سائیٹ بورڈ کے اراکین کی شرکت

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں ۔ تمام تر مشکلات اور چیلنجز کے باوجود حکومت اپنے بین الاقوامی اور صوبائی ،مقامی تمام ٹیم کے مدد سے پاکستان سے انسداد پولیو کے ہدف کو جلد حاصل کر لے گی۔ہم پاکستان کے ہر بچے کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچانے اور پولیو فری پاکستان کا  عزم  کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں پوری لگن اور سنجیدگی کے ساتھ اس امر کو یقینی بنانا چاہیے کہ ملک بھر کے ہر بچے کو ویکسین کی متعدد خوراکیں ملیں اور وہ پولیو سے محفوظ رہے ۔فرنٹ لائن ورکرز کی لگن، حکومت پاکستان کے عزم اور پارٹنرز کے تعاون سے  پاکستان نے پولیو کے خلاف اہم پیش رفت کی ہے ۔انسداد پولیو کے لئے صوبائی ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششیں اور تعاون لائق تحسین ہیں ۔

میاں شہباز شریف نے مزید کہا کہ پولیو ورکرز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے ،صوبائی حکومتوں سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کو پولیو کے خاتمے کے لئے یکجان ہو کر مزید تیزی سے کام کرنا ہوگا ۔ہم اپنے تمام شراکت داروں کے شکر گزار ہیں جو پولیو کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے رہے ہیں ۔سعودی ولی عہد و وزیر اعظم  محمد بن سلمان کا بھی شکر گزار ہوں جو  انسداد پولیو میں پاکستان کا ہر طرح سے ساتھ دے رہے ہیں ۔پاکستان میں انسداد پولیو مہم میں بل گیٹس فاؤنڈیشن سمیت تمام شراکت داروں نے  بہت اہم اور قابل تحسین کردار ادا کیا ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف انسداد پولیو ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا جنوبی خیبر پختون خواہ میں پولیو کے مکمل خاتمے کے لیےہرضلع میں مخصوص انسداد پولیو مہم تشکیل دی جا رہی ہے ۔پاکستان میں انسداد پولیو مہم نہ صرف بچوں میں پولیو کیسز بلکہ اسکی ماحولیاتی موجودگی کو ختم کرنے میں بھی کوشاں ہیں ۔

اجلاس میں وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ، انسداد پولیو پر وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضا فاروق ، چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان ، آزاد جموں و کشمیر کے چیف سیکریٹریز ، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کے چیف کمشنر ، انسداد پولیو کے نیشنل کوارڈینیٹر اور دیگر متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے