نیٹ فلکس کی ہٹ سیریز میں لیڈی گاگا کی انٹری، مداحوں کے لیے خوشخبری
نیویارک میں منعقدہ گریویارڈ گالا کے دوران لیڈی گاگا نے اعلان کیا کہ وہ نیٹ فلکس کے مقبول شو ویڈنسڈے کے دوسرے سیزن کے حصے دوم کے لیے خصوصی گیت ’دی ڈیڈ ڈانس‘ ریلیز کریں گی۔
یہ ایونٹ جمعرات کو Guastavino’s میں منعقد ہوا، جس میں کاسٹ اور شائقین بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔اس بار لیڈی گاگا نہ صرف گلوکارہ کے طور پر جلوہ گر ہوں گی بلکہ ڈرامے میں ایک منفرد کردار بھی ادا کریں گی۔
وہ نیورمور اکیڈمی کی پروفیسر روزالین روٹ وُڈ کا کردار نبھا رہی ہیں، جو اپنی پراسرار شخصیت کے باعث طلبہ اور ناظرین کے لیے خاص دلچسپی کا باعث بنیں گی۔
مرکزی کردار ’ویڈنسڈے ایڈمز‘ ادا کرنے والی اداکارہ جینا اورٹیگا نے کہا کہ لیڈی گاگا کو قریب سے کام کرتے دیکھنا ایک غیر حقیقی تجربہ ہے۔ وہ وہی کر رہی ہیں جس کے لیے پیدا ہوئی ہیں۔ایونٹ میں جینا اورٹیگا سرمئی لمبا گاؤن پہن کر شریک ہوئیں جبکہ لیڈی گاگا نے سیاہ لباس اور بڑی ہیٹ کے ساتھ اپنا منفرد انداز اپنایا۔
سیریز کا دوسرا سیزن جادوئی اور پراسرار رنگ لیے ہوئے ہے، جس میں ویڈنسڈے ایڈمز اپنے اسکول نیورمور اکیڈمی میں نت نئے معمہ حل کرتی نظر آئیں گی۔ حصہ دوم 3 ستمبر 2025 کو ریلیز ہوگا۔
اس سیزن میں گوینڈولین کرسٹی، ہنٹر ڈوہان، ایما مائرز، کیتھرین زیٹا جونز، لوئز گزمین اور آئزک اورڈونیز بھی اہم کرداروں میں شامل ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں