خوبصورتی کے راز پر اداکارائیں کیوں خاموش رہتی ہیں؟ تمنا بھاٹیا
فلمی دنیا میں خوبصورتی، دلکشی اور جاذبِ نظر دکھائی دینا اکثر ایک خاموش دباؤ کی شکل اختیار کر لیتا ہے، خاص طور پر خواتین فنکاراؤں کے لیے۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تمنا بھاٹیا نے حالیہ انٹرویو میں اس حساس موضوع پر لب کشائی کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ اداکارائیں کاسمیٹک طریقۂ کار جیسے بوٹاکس، فلرز یا سرجریز کے بارے میں کھل کر بات کیوں نہیں کرتیں۔
ایک انٹرویو میں تمنا نے صاف گوئی سے کہا کہ فلمی شخصیات کی زندگی پر سب کی نظریں ہوتی ہیں، اس لیے ان کے فیصلے بھی کڑی تنقید کی زد میں آتے ہیں۔ ہم صرف ان باتوں پر بحث کر سکتے ہیں، ان کا کوئی حتمی نتیجہ نہیں نکلتا۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ خوبصورتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات اب کوئی ممنوع موضوع نہیں رہے، لیکن میڈیا اور سوشل میڈیا پر ہونے والی شدید تنقید لوگوں کو چپ رہنے پر مجبور کردیتی ہے۔
نوجوان نسل، خاص طور پر Gen-Z، ان باتوں کو چھپانے کے بجائے کھل کر سامنے لاتی ہے۔ وہ جو بھی پروسیجر کرواتے ہیں، اس پر بات کرنے سے نہیں گھبراتے۔ لیکن فلم انڈسٹری کے لوگوں پر اتنا زیادہ ججمنٹ (فیصلہ کن نظر) ہوتی ہے کہ وہ اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرنے میں ہچکچاتے ہیں۔
تمنا کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں اداکارہ شفالی جریوالا کی اچانک موت کے بعد کاسمیٹک سرجری کے موضوع پر عوامی اور میڈیا کی سطح پر تند و تیز بحث چھڑ چکی ہے۔ کئی مشہور فنکاراؤں کو سوشل میڈیا پر سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
تمنا کے مطابق کوئی بھی انسان تنقید کا شکار نہیں ہونا چاہتا۔ اگر ہم اپنی بات کھل کر کہتے ہیں تو ہم پر انگلیاں اٹھائی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کئی فنکارائیں خاموشی کو ترجیح دیتی ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں