’فہد مصطفیٰ نے نوکری سے نکلوایا‘، فوٹوگرافر کے اداکار پر سنگین الزامات
اداکار و ٹی وی میزبان فہد مصطفیٰ پر شوبز انڈسٹری سے وابستہ فوٹو گرافر عمر سعید نے سنگین الزامات عائد کر دئیے ۔عمر سعید نامی فوٹوگرافر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فہد مصطفیٰ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں اداکار وہاں موجود دوسرے افراد کی جانب اشارے کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
عمر سعید نامی نے ویڈیو پوسٹ کرنے کے ساتھ انکشاف کیا کہ فہد مصطفیٰ نے شو کے سیٹ پر ان کے ساتھ توہین آمیز رویہ اختیار کیا۔ فوٹوگرافر نے فہد مصطفیٰ پر یہ الزام بھی لگایا کہ انہوں نے انہیں اے آر وائی ڈیجیٹل کی نوکری سے نکلوایا۔
جیتو پاکستان کے فوٹوگرافر نے ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ آج میں نے یہ ویڈیو اپنی فوٹو گیلری میں دیکھی اور افسوس کے ساتھ یہ دو سال بعد پوسٹ کر رہا ہوں۔ اس ویڈیو میں مجھے میرے ساتھیوں کے سامنے کئی بار امتیازی سلوک اور توہین کا نشانہ بنایا گیا، اور یہ سب فہد مصطفیٰ کی جانب سے ہوا۔ میں خاموش رہا کیونکہ اس نے مجھے اے آر وائی سے نکلوا دیا تھا۔
فوٹوگرافر نے فہد مصطفیٰ پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس نے میرا کیریئر برباد کر دیا لیکن الحمدللہ، اب میرا اپنا کاروبار ہے اور میں اتنا کما لیتا ہوں کہ اپنے خاندان کا پیٹ پال سکوں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس کا اصلی چہرہ سب کے سامنے لایا جائے۔ یہ ہے اس کی بدنما حقیقت، اور صرف اللہ ہی جانتا ہے کہ مجھ جیسے اور کتنے لوگ ان جیسے سیلیبریٹیز کی وجہ سے تکلیف میں ہوں گے۔ دوسروں کے ساتھ ویسا سلوک کرو جیسا تم اپنے لیے چاہتے ہو۔
صارفین نے اس پر ملا جلا رد عمل دیا۔ کئی صارفین فوٹوگرافر کے حق میں آواز اٹھاتے نظر آئے اور فہد مصطفیٰ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ بالکل ممکن ہے۔ فہد بعض اوقات کیمرے کے سامنے لوگوں سے کافی بدتمیزی کرتے ہیں، تو پردے کے پیچھے تو شاید اور بھی زیادہ ہوں۔ یہ ساری چمک، جوانی، پیسہ اور شہرت بس ایک بلبلہ ہے۔ دیکھتے جاؤ، وقت سب کچھ بتا دے گا۔
ایک صارف نے کہا کہ یوٹیوبر رجب بٹ نے ان کے ساتھ جو کیا وہ بالکل ٹھیک کیا تھا۔ جبکہ ایک سوشل میڈیا صارف کا کہنا تھا کہ یہ اچھے انسان نہیں ہیں۔ ’جیتو پاکستان‘ میں یہ جس طرح لوگوں کی بےعزتی کرتے ہیں، وہی ان کی اصل شخصیت کی عکاسی کرتا ہے۔
جہاں صارفین اداکارٰ پر تنقید کرتے نظر آئے وہیں چند صارفین نے عمر سعید کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اگر فہد مصطفیٰ نے آپ کے ساتھ اتنا برا کیا تھا تو ان کی تصویریں آپ کے سوشل میڈیا پیجز پر کیا کر رہی ہیں۔ تو کئی لوگوں نے کہا کہ یہ اب مشہور ہونا چاہتے ہیں اس لیے اس طرح کے الزامات لگا رہے ہیں۔
کئی سوشل میڈیا صارفین اس معاملے پر فہد مصطفیٰ کا موقف سننے میں بھی دلچسپی رکھتے تھے اور یہ کہتے نظرا ٓئے کہ ایہ ایک طرف کا موقف ہے دوسری طرف کا موقف بھی سامنے آنا چاہیے لیکن ابھی تک فہد مصطفیٰ نے اس معاملے پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں