250ملین ویوز ،1ملین شیئرز ، ہالی ووڈ فلم ’سپرمین‘ کے ٹریلر نے تہلکہ مچا دیا
ہالی ووڈ فلم ’سپرمین‘ نے ریلیز سے پہلے ہی مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرلیے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق، 19 دسمبر کو جاری کیے گئے فلم ’سپرمین‘ کے ٹریلر نے ڈی سی اور وارنر برادرز کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور یہ اسٹوڈیو اور سپر ہیرو فرنچائز دونوں کے لیے تیزی سے سب سے زیادہ دیکھا جانے والا ٹریلر بن گیا ہے۔
ڈی سی اسٹوڈیوز کے سی ای او جیمز گن نے فلم شائقین اور انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے فلم کے ٹریلر کو سراہنے پر خوشی اور تشکر کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم کے کردار ’کرپٹو‘ (سپر ڈاگ) کو لوگوں نے بے حد پسند کیا، یہی وجہ ہے کہ فلم کے ٹریلر کو 250 ملین سے زیادہ بار دیکھا گیا اور اس کی 1ملین پوسٹس شیئر کی گئیں۔
واضح رہے کہ ہالی ووڈ کی نئی سپرمین فلم 11 جولائی 2025 کو ریلیز کی جائے گی۔ فلم میں ڈیوڈ کورنسویٹ مرکزی کردار ادا کررہے ہیں، دیگر کاسٹ میں نکولس ہولٹ، ریچل بروسناہن اور ماریا گیبریلا ڈی فاریا بھی شامل ہیں۔
فلم کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ فلم مشہور سپر ہیرو فرنچائز ’سپرمین‘ کو ایک نئی توانائی بخشے گی۔ ٹریلر کی زبردست کامیابی سے واضح ہوتا ہے کہ شائقین بڑی اسکرین پر سپرمین کی واپسی کا بے تابی سے انتظار کررہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں