مشہور گلوکارہ شیئر نے آخری البم کے ساتھ ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
مشہور گلوکارہ شیئر نے چھ دہائیوں سے زائد عرصے کے شاندار کیریئر کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ 76 سالہ شیئر نے لندن کے لائسیئم تھیٹر میں انکشاف کیا کہ ان کا آئندہ البم ان کا آخری پروجیکٹ ہوگا۔ یہ اعلان انہوں نے اپنی یادداشتوں کی تشہیری مہم کے دوران کیا۔
1964 میں اپنے سابق شوہر سونی بونو کے ساتھ پہلی بار موسیقی کی دنیا میں قدم رکھنے والی شیر نے کئی دہائیوں تک چارٹس پر راج کیا۔ ان کا آخری اوریجنل البم Closer to the Truth 2013 میں ریلیز ہوا تھا، جبکہ 2018 میں انہوں نے اے بی بی اے کے گانوں کا کور البم Dancing Queen ریلیز کیا اور پچھلے سال اپنا پہلا کرسمس البم پیش کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:کوریا کے ایوارڈ شو میں کےپاپ گروپ سیونٹین نے میدان مار لیا
شیئر نے سامعین کو بتایا کہ وہ اپنی موسیقی کے کیریئر کو خیرباد کہنے کے لیے تیار ہیں، لیکن اس سے پہلے وہ 2013 کے بعد اپنا پہلا نیا پروجیکٹ پیش کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ شاید میرا آخری البم ہوگا۔ میں بہت پرجوش ہوں۔ نئے گانے شاندار ہیں اور میں خوش ہوں کہ میں یہ کر رہی ہوں۔
انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ 76 سال کی عمر میں کسی بھی کام کی پیشکش ملنے پر وہ خوش ہیں۔ شیئر نے کہا، کہ اب سوائے اولڈ ایج ہوم کے ہر جگہ سب سے بڑی عمر کی شخصیت میں ہوتی ہوں

گلوکارہ نے مزید کہا کہ وہ اب نوجوان خواتین کو مشورے دینے لگی ہیں اور انہیں زندگی کو بھرپور انداز میں جینے کی ترغیب دیتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں کچھ بھی دے کر دوبارہ 60 سال کی ہونا چاہتی ہوں۔
شیئر نے اعتراف کیا کہ بڑھتی عمر کو قبول کرنا ان کے لیے مشکل رہا ہے ، وہ ہمیشہ اپنے جذبات کے مطابق رہی ہیں اور اب 80 کے قریب پہنچنے کے باوجود ان میں تبدیلی نہیں آئی ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں نوجوان لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا پسند ہے کیونکہ وہ ابھی اپنی عمر کو مکمل طور پر اپنانے کے لیے تیار نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت شیئر 38 سالہ میوزک آرٹسٹ اور پروڈیوسر اے ای الیگزینڈر ایڈورڈز کے ساتھ تعلقات میں ہیں ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں