ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ مارلن منرو کی زندگی اور وراثت پر نئی نمائش کا آغاز
لندن : ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ مارلن منرو کے نام سے منسوب نمائش کا افتتاح ہو گیا ۔ نمائش میں ان کی ذاتی 250 اشیا کی نمائش کی جا رہی ہے۔
"مارلن – دی ایکزیبیشن” میں اداکارہ کی تصاویر، خطوط، ان کی فلم پروڈکشن کمپنی کے دستاویزات ، ملبوسات اور بیوٹی پراڈکٹس شامل ہیں۔یہ تمام اشیا نمائش کے کیوریٹر ٹیڈ سٹیمفر کی ذاتی کلیکشن سے لی گئی ہیں ۔
کیوریٹر ٹیڈ سٹیمفر نے کہا کہ انہیں منرو کی شخصیت کی کشش، ان کی دلکشی اور ان کے منفرد انداز نے بے حد متاثر کیا تھا ۔ رائٹرز سے گفتگو میں کہا، "مارلن میں ایک کمزوری اور نازک پن تھا، لیکن دوسری طرف وہ 1950 کی دہائی میں مردوں کے غلبے والے دنیا میں مضبوط، بےباک اور بلند حوصلہ خاتون تھیں۔

مقصد صرف اشیا کو نمائش میں پیش کرنا نہیں بلکہ لوگوں کو مارلن منرو کے حقیقی کردار اور ان کی شخصیت کے پیچیدہ پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔
نمائش مارلن منرو کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے، جس میں ان کے مشکل بچپن سے لے کر ہالی وڈ کی سب سے مشہور شخصیت بننے تک کا سفر شامل ہے ۔ انہوں نے "دی سیون ایئر اچ”, "سم لائیک اٹ ہاٹ”, اور "جنٹلمین پریفر بلونڈز” جیسی فلموں میں کام کیا ۔
مارلن منرو کا اصل نام نورما جین مورٹنسن تھا ، 1950 کی دہائی کے گلیمر کی علامت سمجھی جانےوالی اداکارہ نے بیس بال کھلاڑی جو ڈیماگیو اور ڈراما نویس آرتھر ملر سے شادیاں کیں ، ان کا امریکی صدر جان ایف کینیڈی کے ساتھ مبینہ معشقہ بھی موضوعِ بحث رہا۔
منرو کی زندگی کے آخری سال ذاتی مسائل اور بیماریوں سے متاثر ہوئے۔ وہ 1962 میں 36 سال کی عمر میں زیادہ مقدار میں دوا لینے کی وجہ سے انتقال کر گئیں۔
نمائش میں رکھی گئی تصاویر اور دیگر اشیا







تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں