میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چینی سفیر جیانگ زیڈونگ کی ملاقات

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں  نواز شریف نے وزیر اعلیٰ پنجاب، مریم نواز شریف کے ہمراہ عوامی جمہوریہ چین کے سفیر   جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی، جس میں ٹیکنالوجی، کاروبار اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

میاں نواز شریف نے اس موقع پر کہا کہ چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے اور ہمیں اس عظیم قوم کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کے لیے بہت سے فلاحی منصوبوں کی قیادت کر رہی ہیں ، جن کے ساتھ ساتھ پنجاب انفراسٹرکچر اور ٹیکنالوجی میں چین کے تعاون کا خیرمقدم کرے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم چین کے ساتھ مل کر معاشی معجزے پیدا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم پنجاب میں اپنے چینی دوستوں کو خوش آمدید کہنے کے لیے ہمیشہ تیار ہیں۔”وزیراعلیٰ نے چینی سرمایہ کاروں کو مراعات اور سہولیات فراہم کرنے کے لیےمخصوص "چائنیز اکنامک زونز” کے قیام کی تجویز پیش کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ ہم چین کی کامیابی کو اپنی کامیابی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان غربت میں کمی کے لیے چینی ماڈل سے بہت فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

عوامی جمہوریہ چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ چین بھی پاکستان کے ساتھ اپنی دوستی کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں میں اس دوستی میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ CPEC کے اپ گریڈڈ وژن میں پنجاب کی شمولیت کا خیرمقدم کریں گے جس میں خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی بھی شامل ہے۔ چین پنجاب میں زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔

انہوں نے کسان کارڈ، ٹریکٹر سکیم جیسے وزیراعلیٰ کے اقدامات کو سراہا اور بتایا کہ پنجاب میں چین کے تعاون سے 5 لاکھ ایکڑ رقبے پر زیادہ پیداوار دینے والی ہائبرڈ ریپسیڈ کاشت کی جا رہی ہے اور اب وہ اس رقبے کو دوگنا کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’پاکستان کے 1000 کسانوں کو چینی ماہرین جدید کاشتکاری کی تکنیک کی تربیت دیں گے‘‘۔ وزیر اعلیٰ نے زراعت میں مشینوں اور پانی کے موثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان شعبوں میں چینی مہارت سے استفادہ بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔

جیانگ زیڈونگ نے کہا کہ وہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کو دورہ چین کی دعوت دینا چاہتے ہیں جو میڈم نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لی۔ چینی سفیر نے کہا کہ ”مریم نواز شریف کو پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کے طور پر چین میں خوش آمدید کہا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ محمد نواز شریف کی وزارت عظمیٰ کے دوران پاک چین تعلقات کی ایک طویل تاریخ رہی۔ محمد نواز شریف کے دور حکومت میں پاک چین تعلقات بہت بلندیوں پر گئے اور مریم نواز شریف کے ساتھ مل کر اسے مزید آگے لے جانے کی امید رکھتے ہیں۔

اجلاس میں سینیٹر پرویز رشید اور سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے شرکت کی۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے