صدرِ مملکت آصف زرداری سے آسٹریلیا کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر نیل ہاکنز کی الوداعی ملاقات

اسلام آباد: سبکدوش ہونے والے آسٹریلوی ہائی کمشنر مسٹر نیل ہاکنز نےایوانِ صدر میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے الوداعی ملاقات کی۔

صدر آصف علی زرداری نے ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے دورِ تعیناتی کے دوران پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تعلقات میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیل ہاکنز نے سیاسی، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط کو بھی مضبوط کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے تعلقات طویل عرصے سے باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جنہیں مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔

صدر زرداری نے کہا کہ اگرچہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوا ہے لیکن یہ ابھی اپنی اصل صلاحیت تک نہیں پہنچی۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے صدر کو اپنے حالیہ سندھ کے دورے اور زراعت و ماحولیاتی تبدیلی کے شعبوں میں جاری باہمی تعاون کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کا خاندان پاکستان کی گرم جوشی، مہمان نوازی اور ثقافتی تنوع کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان کا نسلی، لسانی، مذہبی اور کھانوں کا تنوع ملک کو ایک متحرک اور پرجوش معاشرہ بناتا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے ہائی کمشنر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کی خوشگوار یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے