افغانستان کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں: اسحاق ڈار کا افغان وزیر خارجہ کو ٹیلیفون
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اسحاق ڈار نے افغانستان میں زلزلے کے باعث قیمتی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ افغان عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان افغانستان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے دعاؤں اور ہمدردی کا پیغام بھی بھیجا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی نے بھی افغانستان میں زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے مشترکہ موقف سے ایک قرارداد منظور کی ہے۔ اس قرارداد میں شدید زخمیوں کو بغیر ویزا پاکستان منتقل کرنے اور انہیں طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتیں باہمی تعاون سے امدادی ٹیمیں، ادویات اور دیگر ضروری طبی سامان متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر روانہ کریں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں