اسحاق ڈار کی برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد اراکین سے ملاقات، پارلیمانی تعلقات کے فروغ کا عزم
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے برطانوی پارلیمنٹ کے پاکستانی نژاد اراکین محمد یاسین، طاہر علی، عمران حسین، ایوب خان اور عدنان حسین سے لندن میں ملاقاتیں کیں۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تاریخی و ثقافتی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔یہ کمیونٹی باہمی تفہیم، ثقافتی تبادلوں اور عوامی روابط کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے روابط جمہوری اقدار، بین الاقوامی بہترین تجربات اور جمہوری اداروں کے استحکام کے لیے نہایت اہم ہیں۔
نائب وزیر اعظم نے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کی کوششوں کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ میں ان مسائل کو اٹھانا اور برطانیہ میں عوامی سطح پر آگاہی پیدا کرنا ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں