نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر سے ملاقات، دو طرفہ روابط بڑھانے پر اتفاق
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ پاکستان سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے لندن میں برطانیہ کے وزیر برائے مشرق وسطیٰ، افغانستان اور پاکستان، ہمیِش فالکنر سے دفترِ خارجہ و دولتِ مشترکہ میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک۔برطانیہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور سیاسی، معاشی، ماحولیاتی اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان کی اقتصادی اصلاحات کے عزم کو اجاگر کیا اور خطے میں امن و استحکام سمیت جنوبی ایشیا کی صورتِ حال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جموں و کشمیر تنازعہ کا منصفانہ اور پرامن حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔

دونوں رہنماؤں نے پاک۔برطانیہ تعلقات کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ اعلیٰ سطحی روابط کا تسلسل جاری رکھا جائے تاکہ موجودہ تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے اور اسٹریٹجک شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں