پرتگال :پاکستانی سفارتخانے میں یوم آزادی کی تقریب ، کشمیریوں کی حمایت کاعزم
اگست کی14 تاریخ کو دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اپنی آزادی کاجشن مناتے ہیں اس دن کی مناسبت سے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارتخانوں اور قونصلیٹ میں بھی جشن آزادی کی تقریبات کااہتمام کیا جاتاہے لیکن اس بار جشن آزادی کی تقریبات میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو خصوصی طور پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے میں بھی ایک پروقار تقریب کااہتمام کیا گیااور پاکستانی سفیر نے پرچم کشائی کی۔ سیکرٹری سفارتخانہ عمیر خان نے صدر پاکستان ، وزیر اعظم پاکستان اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے پیغامات پڑھ کر سنائے ۔تقریب میں سفیرپاکستان نے پرتگال میں بسنے والی کمیونٹی سمیت پوری پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی ۔ صدرتحریک آزادی کشمیر پرتگال راجہ حسنین نواز نے کہا جشن آزادی کے موقع پر کشمیری اور فلسطینی بہن بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے ۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ ہم ہر سطح پر فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ رہیں گے اور ان کے لیے آواز بلند کرتے رہے گے۔تقریب کے اختتام پر جشن آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں