معاشی اصلاحات کے لئے پاکستان سے تعاون کریں گے،صدر ایشیائی بینک
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساسوگو اساکاوا نے پیر کے روز اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر احد چیمہ نے بتایا کہ ملک کی اقتصادی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے اصلاحات کررہے ہیں ۔اصلاحات لانے کے لئے ایشیائی ترقیاتی بینک سمیت عالمی مالیاتی اداروں کا تعاون درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ ہوا ہے۔فچ اور موڈیز نے بھی پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کا اعتراف کیا ہے ۔ احد چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے ۔ ملکی استحکام کو برقرار رکھتے ہوئے پائیدار اصلاحات لانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ نجکاری پر تیزی سے کام کررہے ہیں۔پی آئی اے کی نجکاری کا عمل بھی جلد مکمل کریں گے۔ایف بی آر سمیت دیگر شعبوں میں اصلاحات سے متعلق کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک آئی ایم ایف بھی حکومتی اقدامات سے مطمئن ہے۔ اس موقع پروفاقی وزیر نے سال 2022 کے سیلاب میں مدد پر ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا۔
ملاقات کے دوران ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے کہا کہ حکومت پاکستان کا اصلاحات سے متعلق ایجنڈا قابل تعریف ہے ۔ معیشت سے متعلق اصلاحات میں پاکستان کے ساتھ تعاون کریں گے ۔ توانائی، موسمیاتی تبدیلی سمیت دیگر سیکٹرز میں پاکستان کا مکمل ساتھ دیں گے۔پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے منصوبوں میں بھرپور تعاون کریں گے۔نجکاری پالیسی میں حکومت پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔
وفاقی وزیر احد چیمہ سے ملاقات کے بعد صدر اساکاوا اور سیکرٹری وزارت اقتصادی امور کاظم نیاز نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھا
سیکرٹری اقتصادی امور نے اس موقع پر کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1966 سے جاری تعلقات اب مزید مضبوط ہوں گے ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ معیشت کی بہتری کے لئے مشاورت جاری رکھیں گے ۔ اے ڈی بی کے صدر نے کہا کہ نئی عمارت پاکستان کے ساتھ تعلقات کومزید مستحکم کرے گی۔ پاکستان میں موجود ہمارا مستقل مشن حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں