نان فائلرز کے لیے بینک سے رقم نکلوانا مہنگا، پراپرٹی ٹیکس شرح میں بڑی تبدیلی

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے مالی سال 26-2025 کے لیے انکم ٹیکس رولز میں ترامیم جاری کر دی ہیں، جن کے تحت نان فائلرز کے لیے بینک سے رقوم نکلوانے اور غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت پر ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔

ایف بی آر کے مطابق ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ میں شامل نہ ہونے والے افراد کے لیے یومیہ 50 ہزار روپے سے زائد رقم نکلوانے پر ٹیکس 0.6 فیصد سے بڑھا کر 0.8 فیصد کر دیا گیا ہے۔ ہر بینکنگ کمپنی کو نان فائلرز سے ایڈوانس ایڈجسٹیبل ٹیکس منہا کرنے کا اختیار ہوگا۔

غیر منقولہ جائیداد کی خرید و فروخت یا منتقلی پر ایڈوانس ٹیکس کی شرح میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے۔ پراپرٹی خریدار کو ریلیف دیتے ہوئے ود ہولڈنگ ٹیکس میں 1.5 فیصد کمی کی گئی ہے، جبکہ فروخت کنندہ یا منتقل کرنے والے کے لیے ہر سلیب پر ٹیکس میں 1.5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے تاکہ فروخت پر حاصل کیپٹل گین کو ایڈجسٹ کیا جا سکے۔

اس مقصد کے لیے انکم ٹیکس کے سیکشن 236 سی اور 236 کے میں ترامیم کی گئی ہیں۔5 کروڑ روپے مالیت تک کی پراپرٹی پر ٹیکس 3 فیصد سے کم ہو کر 1.5 فیصد ہو گیا۔10کروڑ روپے تک کی پراپرٹی پر ٹیکس 3.5 فیصد سے کم ہو کر 2 فیصد کر دیا گیا۔10 کروڑ سے زائد مالیت کی پراپرٹی پر ٹیکس 4 فیصد سے کم کرکے 2.5 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔

ایف بی آر کے مطابق اگر کسی شخص کے نام پر جائیداد 15 سال سے موجود ہو اور اس دوران وہ خود اس میں رہائش پذیر رہا ہو تو اس پر سیکشن 236 سی کا ود ہولڈنگ ٹیکس لاگو نہیں ہوگا، تاہم ٹیکس گوشواروں میں 15 سالہ ملکیت ظاہر کرنا لازمی ہوگا۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے