پاکستان میں 1150 کلومیٹر رینج والی نئی الیکٹرک گاڑی رواں ماہ لانچ کر دی جائے گی

پاکستانی آٹو مارکیٹ میں جلد ہی ایک نئی اورممکنہ طور پر گیم چینجر الیکٹرک سپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل کی آمد متوقع ہے، جس کی رینج 1100 کلومیٹرسے زائد ہوگی۔

کیپٹل سمارٹ موٹرز کی جانب سے متعارف کروائی جانے والی فورتھنگ فرائیڈے نامی یہ رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل مجموعی طور پر1150  کلومیٹر کی متاثر کن رینج کی حامل ہے، تاہم اس میں ایک معمولی فرق موجود ہے۔

 یہ گاڑی تقریباً 600 کلومیٹرکی مکمل الیکٹرک رینج فراہم کرتی ہے، جب کہ باقی ماندہ 550  کلومیٹر ایک رینج ایکسٹینڈر سسٹم کے ذریعے فراہم کیے جاتے ہیں، جس سے اس کی کل دعوٰی کردہ رینج 1150  کلومیٹرتک جا پہنچتی ہے۔

رینج ایکسٹینڈڈ الیکٹرک وہیکل دراصل ایک ایسی الیکٹرک گاڑی ہوتی ہے جو بنیادی طور پر بیٹری میں محفوظ بجلی سے چلتی ہے، مگر اس میں ایک چھوٹا اندرونی انجن بھی شامل ہوتا ہے، جو بیٹری کم ہونے کی صورت میں اسے چارج کرنے کے لیے جنریٹرکے طورپرکام کرتا ہے۔

یہ نظام گاڑی کو روایتی الیکٹرک گاڑیوں کے مقابلے میں زیادہ فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت فراہم کرتا ہے اور مکمل طور پر بیرونی چارجنگ پر انحصار کی ضرورت کم ہوجاتی ہے۔

فورتھنگ ایک چینی کمپنی ڈونگ فینگ لیزو موٹر کی تیار کردہ مسافر گاڑیوں کا برانڈ ہے، جو کہ ڈونگ فینگ موٹر گروپ کی ذیلی کمپنی ہے۔اس سپورٹس یوٹیلیٹی وہیکل کی پاکستان میں رواں ماہ کے وسط میں باضابطہ لانچ کی توقع ہے اور آئندہ چند دنوں میں اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے کی امید ہے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے