ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لےجانے کا ہدف ہے: وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ چند سال میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب 13.5 فیصد تک لےجانے کا ہدف ہے۔ عالمی سطح پرپاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد بحال ہوا، پاکستان کی معیشت استحکام کے راستے پر ہے، ریٹنگ میں بہتری کی امید ہے۔
وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے موڈیز ریٹنگ ایجنسی کے ساتھ ورچوئل اجلاس کیا جس دوران پاکستان کی معاشی صورتحال، اصلاحاتی ایجنڈے اور پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیرخزانہ نے آئی ایم ایف پروگرام کے گزشتہ ریویو کا کامیاب اختتام، دوسری قسط کی فراہمی اورریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی میں پیشرفت سے آگاہ گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں وزیرخزانہ نے بجٹ میں کیےگئے مالیاتی اقدامات، تجارتی و ٹیرف اصلاحات پر بریفنگ دی جب کہ انہوں نے امریکاکے ساتھ ترجیحی ٹیرف تک رسائی سے متعلق بات چیت کو مثبت پیشرفت قرار دیا۔
وزیر خزانہ اور معاشی ٹیم نے موڈیز کو معیشت میں بہتری کے ٹھوس شواہد پیش کیے، اس دوران وفد کو مہنگائی اور شرح سود میں کمی، شرحِ مبادلہ میں استحکام، کرنٹ اکاؤنٹ سرپلس اور زرمبادلہ کے ذخائر میں نمایاں اضافے سے بھی آگاہ کیا گیا جب کہ موڈیز کو ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب بہتر بنانے کی اصلاحات پر بھی بریفنگ دی گئی۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں