بجلی صارفین کے لیے خوشخبری: پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ، بلوں میں ریلیف متوقع

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کے لیے اہم ریلیف کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے بجلی کے بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کی اصولی منظوری دے دی ہے، جب کہ اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کل متوقع ہے۔

اس وقت بجلی کے بلوں میں ہر گھریلو صارف سے ماہانہ 35 روپے پی ٹی وی فیس کے طور پر وصول کیے جاتے ہیں، جب کہ کمرشل اور انڈسٹریل صارفین سے بھی یہ چارج لیا جاتا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ سے زائد صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے ماہانہ وصول کیے جاتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پی ٹی وی اور دیگر غیر ضروری سرچارجز کو ختم کرنے کے لیے جامع پلان تیار کیا گیا تھا، جس کا مقصد بجلی کے بلوں میں کمی اور صارفین کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ ہر سال 16 ارب روپے کے ٹیکس کی مد میں صرف 11 ارب روپے کی وصولی ممکن ہو پاتی ہے، جس کے باعث حکومت نے پی ٹی وی کے لیے متبادل مالیاتی ذرائع تلاش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ ریلیف گھریلو، کمرشل، اور دیگر تمام کیٹیگریز کے صارفین کے لیے یکساں ہوگا، جس سے ملک بھر میں مہنگائی کے دباؤ کا شکار عوام کو کچھ حد تک سہولت میسر آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی وی کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے نئے طریقہ کار متعارف کرانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے، جس پر متعلقہ ادارے جلد عمل درآمد شروع کریں گے۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے