آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالرز کی منظوری دیدی،یہ آخری پروگرام ہوگا:وزیرِ اعظم
عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر کے بیل آؤٹ پروگرام کی منظوری دے دی ہے، جس کے لیے پہلی قسط 1.1 ارب ڈالر جاری کی جائے گی، قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہو گا۔
اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے امید ظاہر کی تھی کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ معاہدہ منظوری کے آخری مراحل میں ہے کیونکہ پاکستان نے اس کی تمام کڑی شرائط قبول کر لی ہیں۔
واشنگٹن میں عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سب سے پہلے رکھا گیا تھا۔
پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے۔ جب کہ قرض پروگرام کی منظوری کے بعد اسی مالی سال میں دوسری قسط بھی متوقع ہے جس میں آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد سے بھی کم شرح سود پر فراہم کیا جائے گا۔ 12 جولائی کو پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان توسیعی فنڈ سہولت قرض پروگرام پر اتفاق کیا گیا تھا۔
آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی منظوری سے پاکستان کے معاشی اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری کی توقع ہے اور پاکستان پر ادائیگیوں کا دباؤ کم ہوگا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکج پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے،پاکستان کے معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے،سفارتی محاذ پر کامیابیوں کے ساتھ ساتھ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ انکے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے، جس پر پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں۔ اگر یونہی محنت جاری رہی تو انشاء اللہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے آئی ایم ایف پیکیج کے حوالے معاونت فراہم کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین، متحدہ عرب امارات اور مینجنگ ڈائیریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اوت انکی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا ۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں