فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ، سکھوں کے مقدس مقامات کی بحالی کی یقین دہانی

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں بشمول سیالکوٹ سیکٹر، شکرگڑھ، نارووال اور کرتارپور کا دورہ کیا۔ دورے کا مقصد سیلاب کی صورتحال اور جاری ریسکیو و ریلیف آپریشنز کا جائزہ لینا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل کو موجودہ صورتحال اور آئندہ بارش کے سلسلے کے لیے تیاریوں سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے متاثرہ علاقوں میں عوام کی مدد اور ریسکیو میں حصہ لینے پر فوج اور سول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔

فیلڈ مارشل نے متاثرہ سکھ کمیونٹی سے بھی ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ سیلاب سے متاثرہ تمام مذہبی مقامات، بشمول دربار صاحب کرتارپور، کو ترجیحی بنیادوں پر بحال کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں اور ان کے مذہبی مقامات کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے اور پاکستان اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

سکھ کمیونٹی نے متاثرہ علاقوں میں فیلڈ مارشل کے دورے کو خوش آمدید کہا اور فوج و سول انتظامیہ کی خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ فیلڈ مارشل نے دربار صاحب کرتارپور کا فضائی جائزہ بھی لیا۔

فیلڈ مارشل نے سول انتظامیہ کے نمائندوں سے ملاقات میں کہا کہ پیشگی اقدامات نے جان و مال کے نقصان کو کم کرنے میں مدد دی۔فوجی اہلکاروں سے گفتگو میں ان کی حوصلہ افزائی، آپریشنل تیاری اور قوم کی خدمت کے جذبے کو سراہا اور مشکل حالات میں ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں خدمات پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں شدید بارشوں اور دریاؤں میں طغیانی کے باعث سیلابی صورتحال بدترین شکل اختیار کر گئی ہے۔ لاکھوں کیوسک پانی کے ریلے نے بستیاں ڈبو دیں، ہزاروں خاندان بے گھر ہو گئے جبکہ کھڑی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔

تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں

یہ بھی پڑھیے