معرکہ حق میں فتح کا جشن اور یوم آزادی، اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب کا آغاز
یومِ آزادی پاکستان اور معرکہ حق کی مرکزی تقریب جناح سپورٹس اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہے، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔اس کے علاوہ وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان، اہم قومی شخصیات اور غیر ملکی مہمان بھی تقریب میں شریک ہیں۔
تقریب میں مسلح افواج شاندار پریڈ اور فضائی مظاہرے کا اہتمام کریں گی، جب کہ وزیراعظم معرکہ حق یادگار کی نقاب کشائی بھی کریں گے۔بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کے موقع پر قوم دہری خوشی کا اظہار کررہی ہے۔ ملک کے تمام شہروں، گلیوں اور محلوں کو سبز ہلالی رنگوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا۔
بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار چھا گئی ہے۔ شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے معرکہ حق میں استعمال ہونے والے طیارے، ٹینک، توپیں، ریڈارز اور دیگر عسکری ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں، تجزیوں اور روز مرہ کے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر روزنامہ ’’گل بات‘‘ کا ’آفیشل چینل یا آفیشل گروپ‘ جوائن کریں